جمس اسپتال کی حالت میں بہتری نہ آئی سہولیات کا فقدان ادویات ناپید

67

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جمس اسپتا ل کی حالت زار میں بہتری نہ آئی، انٹرویو کے باوجود نئے ڈائریکٹر کی تقرری نہ ہوسکی، 3 ماہ گزر گئے، جنوری میں 5 کروڑ 84 لاکھ خرچ کرنے کے باوجود سہولیات کا فقدان، ادویات ناپید، موجودہ ڈائریکٹر مریضوں کو سہولیات دینے میں ناکام، اگست میں ہونے والے بورڈ آف گورننس کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل نہ ہوا، نئی بھرتی کی تیاریاں۔ تفصیلات کے مطابق جمس اسپتال کی حالت زار میں بہتری نہ آسکی ہے، محکمہ صحت کی جانب سے انٹرویو لینے کے باوجود جمس میں نئے ڈائریکٹر کی تقرری نہیں کی جا سکی، 3 ماہ سے معاملہ التوا کا شکار ہے، اسپتال کے بجٹ سے جنوری میں 5 کروڑ 84 لاکھ 77 ہزار سے زائد خرچ کرنے کے باوجود سہولیات کا فقدان اور ادویات ناپید ہیں، موجودہ ڈائریکٹر مریضوں کو علاج کی سہولیات دینے میں مکمل ناکام ہیں، یہی وجہ ہے کہ گزشتہ بورڈ آف گورننس کے اجلاس میں موجودہ ڈائریکٹر عبدالکریم جمالی سے استعفیٰ لے کر نئے ڈائریکٹر کی تقرری کا فیصلہ کیا گیا تھا، اس سلسلے میں اُمیدواروں سے انٹرویو بھی لیے گئے لیکن تاحال تقرری نہیں ہوئی۔ معلوم ہوا ہے کہ اگست میں ہونے والے بورڈ آف گورننس کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں میں سے کسی ایک پر بھی عمل نہیں کیا گیا ہے اور اچانک اب جمس میں 25 کے قریب عملے کی بھرتی کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ جمس اسپتال میں کام کرنے والا عملہ پریشان ہے کیونکہ سروس اسٹرکچر بنانے کی منظوری کے باوجود اس پر تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔