سکھر: یو اے ای کا ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبران کو مفت ویزا فراہم کرنے کا اعلان

55

سکھر (نمائندہ جسارت) متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیثی نے ڈسٹرکٹ کونسل کے تمام ممبران کو متحدہ عرب امارات کا مفت ویزا فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ضلع کونسل میں اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات محبت اور احترام پر مبنی ہیں، سکھر میں یو اے ای کے قومی دن کے شاندار چراغاں پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ہمارے ملک کے بزرگ لوگ پاکستان کا ذکر کرتے ہیں، فوراً ان کے زبان پر سکھر کا نام آتا ہے، جب سے یو اے ای وجود میں آیا، پاکستان نے ہمارا بہت ساتھ دیا ہے۔ پاکستانی ذہین قوم ہے، یو اے ای میں 20 لاکھ پاکستانی رہائش پذیر ہیں، متحدہ عرب امارات میں صحت کے شعبے میں اعلیٰ عہدے پر پاکستانی خاتون کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کے تمام اراکین کو یو اے ای کا ویزا دینے کا اعلان کرتا ہوں، سکھر میں وومن اور چلڈرن اسپتال کے قیام کے منصوبے پر عمل کریں گے، وومن ایمپاورمنٹ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، متحدہ عرب امارات میں خواتین آگے نکل چکی ہیں، خواتین کا ملک کو آگے لے جانے میں اہم کردار ہے، خواتین کو با اختیار بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔