پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں گیس کا شدید بحران،علاقہ مکینوں میں اشتعال پھیلنے لگا

128
Severe gas crisis in PECHS block 6

کراچی: شہر قائد کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے ۔ متعدد بار شکایتوں کے باوجود علاقے کے مکین گیس سے محروم ہیں۔جس کے باعث علاقہ مکینوں میں اشتعال پیدا ہورہاہے جوکسی ناخوشگوار واقعہ کو جنم دے سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 قائدین اسکول کے قریب لین ون سے 20 اور243 سے لین 255 تک کا بڑے علاقے میں 3 جنوری کی دوپہر12 بجے سےگیس کی فراہمی بند ہے۔ علاقہ مکینوں کی جانب سے درجنوں بار شکایتیں اور صدر زون کے دفتر میں اسسٹنٹ جی ایم جاوید میمن سے ملاقاتیں بھی کیں جس میں ان کی جانب سے کہا گیا کہ سردیوں کے باعث گیس پریشر میں کمی کاسامنا ہے اس لئے گیس کی قلت ہے ۔

علاقہ مکینوں نے جاوید میمن سے کہا کہ گیس پریشر میں اضافہ کرنا اور متاثرہ علاقوں میں گیس فراہم کرنا آپ کی ذمہ داری ہے ،متاثرہ مکیں باقاعدگی سے اپنے واجبات ادا کرتے ہیں جبکہ گیس کمپنی کی جانب سے میٹر بھی لگے ہوئےہیں اس لئے علاقہ مکینوں کو گیس فراہم کرنا عملے کی اولین ذمہ داری ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں سالوں سے گیس کی فراہمی جاری تھی، صدر زون کے عملے نےاپنے من پسند ایک گھر 12Mمیں گیس پہنچانے کے لئے اس لائن سے کنکشن کاٹا اور مطلوبہ گھرمیں گیس فراہم کی اور عملے نے موقف اختیارکیا کہ مطلوبہ گھر میں ہرحال میں گیس فراہم کرنی ہے چاہے پورے علاقے کا کنکشن منقطع کرنا پڑے۔

علاقہ مکینوں کی جانب سے متعددبار شکایتوں او رملاقاتوں کے باوجود حکام بالا کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی جس کے باعث عوام میں اشتعال پھیل رہا ہے جو کسی ناخوشگوار واقعہ کو جنم دے کر نقص امن کا مسئلہ پیدا کرسکتاہے ۔اس لئے فوری طورپر متاثرہ علاقے میں گیس فراہمی بحال کی جائے۔