اسلام آباد:پاکستان اور چین کی کمپنیوں نے میڈیکل اور سرجیکل آلات کے شعبے میں تجارت بڑھانے کے لیے 25 کروڑ ڈالرز کی مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی سوات سرجیکل، جو کہ ڈینٹل اور سرجیکل انسٹرومنٹس تیار کرتی ہے، نے چینی فارماسیوٹیکل کمپنی یوپی ایچ بائیوفارما کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
یہ مفاہمت چینی کمپنیوں کے ساتھ مزید جوائنٹ وینچرز کے قیام کی بنیاد فراہم کرے گی تاکہ پاکستان کے میڈیکل آلات کے شعبے کو عالمی سطح پر مزید ترقی دی جا سکے۔ چائنا اکنامک نیٹ (سی ای این) کی رپورٹ کے مطابق اس معاہدے کی تصدیق پاکستانی سفارتخانے نے بھی کی، جس کے مطابق اس معاہدے کے تحت 25 کروڑ ڈالر کی مالیت کے 3ایم او یوز پر دستخط ہوئے ہیں۔
بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے منعقد کی گئی کانفرنس میں 80 سے زائد چینی کمپنیوں اور 20 پاکستانی کمپنیوں نے شرکت کی۔ پاکستانی سفارتکار خلیل ہاشمی نے کہا کہ پاکستان میں میڈیکل کی صنعت کا پوٹینشل 60 کروڑ ڈالرز سے زائد ہے اور مستقبل میں مزید سرمایہ کاری کی گنجائش موجود ہے۔
اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان اس شعبے میں مزید تعاون کے امکانات پر بات کی گئی اور 2025 میں لاہور میں ہونے والے ’’چوتھے ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلز شو‘‘کی بھی اعلان کیا گیا، جس میں خاص طور پر طبی آلات اور جراحی کے شعبے پر توجہ دی جائے گی۔
پاکستانی وزیرِاعظم کے دورہ چین کے دوران اس قسم کے متعدد ایم او یوز پر دستخط کیے گئے تھے، جن میں طبی شعبے میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔