آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی ترقی کا ہدف 3.2 سے کم کرکے 3 فیصد کردیا

115
loan approved for Pakistan

اسلام آباد: آئی ایم ایف نے پاکستان کی موجودہ مالی سال میں معاشی ترقی کی شرح کے اہداف کے پورا نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنی رپورٹ ورلڈ اکنامک آؤٹ لک میں پاکستان کے معاشی ترقی کے تخمینوں میں کمی کرتے ہوئے اس کی شرح نمو کو 3.2 فیصد سے کم کر کے 3 فیصد کر دیا ہے۔

رپورٹ میں آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا ہدف اس مالی سال میں حاصل ہونے کا امکان نہیں، تاہم اس کے باوجود گزشتہ سال کے مقابلے میں معاشی نمو میں بہتری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق اگلے مالی سال میں پاکستان کی اقتصادی شرح نمو 4 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے، جب کہ پچھلے مالی سال میں یہ شرح 2.5 فیصد تھی۔

عالمی مالیاتی فنڈ نے مزید کہا کہ پاکستان کی موجودہ مالی سال کے دوران معاشی ترقی کی شرح 3 فیصد کے قریب رہنے کا امکان ہے، حالانکہ پاکستانی حکومت نے اس مالی سال کے لیے 3.6 فیصد کا ہدف رکھا تھا۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2024 میں آئی ایم ایف نے اس مالی سال کے لیے پاکستان کی اقتصادی شرح نمو کا تخمینہ 3.2 فیصد لگایا تھا۔