بجلی کے نرخوں میں کمی کا امکان، نیپرا میں درخواست دائر

148
electricity

اسلام آباد:سی پی پی اے کی جانب سے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کے لیے نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔ یہ درخواست دسمبر کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت دائر کی گئی ہے، جس پر 30 جنوری کو سماعت متوقع ہے۔

سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی  کی درخواست کے مطابق بجلی کی قیمت میں ایک روپے 3 پیسے فی یونٹ کمی کا امکان ہے۔ دسمبر میں مجموعی طور پر 7 ارب 51 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، جس کی فی یونٹ لاگت 9 روپے 60 پیسے رہی، جبکہ تخمینہ 10 روپے 63 پیسے فی یونٹ لگایا گیا تھا۔

درخواست کے مطابق دسمبر میں بجلی کی پیداوار کے ذرائع میں پانی کا حصہ 22.80 فیصد رہا، جبکہ مقامی گیس سے 12.31 فیصد اور ایل این جی سے 20.70 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ نیوکلئیر ذرائع سے بجلی کی پیداوار 26.48 فیصد رہی اور مقامی کوئلے سے 10.06 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

درآمدی کوئلے سے 1.59 فیصد اور فرنس آئل سے 0.03 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جس سے مجموعی پیداوار پر کم لاگت کے اثرات مرتب ہوئے۔ اگر نیپرا سی پی پی اے کی درخواست منظور کرتی ہے تو صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی ایک ماہ کے لیے ممکن ہو سکتی ہے۔