سجاول (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری سرکٹ ہاؤس کے تعمیراتی کام کا اچانک دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ٹھیکیدار کو سختی سے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کی رفتار تیز کرکے معیار کے ساتھ گراؤنڈ فلور اور کمپاؤنڈ وال کی تکمیل رواں سال مارچ تک یقینی بنائی جائے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر گورنمنٹ پرائمری اسکول بہاول خان مگسی کا اچانک دورہ کرکے اسکول کے 3 کمروں کے جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور ٹھیکیدار کو ہدایت دی کہ اسکول کے جاری کام کو رواں ماہ ہی میں مکمل کیا جائے تاکہ بچوں کو پر سکون ماحول میں تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند نے ایریگیشن کالونی کے گراؤنڈ کی تذئین و آرائش کے کام معائنہ کیا اور کام میں سست روی پر ٹھیکیدار پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ انجینئر کو ہدایت کی کہ ٹھیکیدار کو ایک ہفتے میں کام کی رفتار تیز کرکے رواں ماہ جنوری میں 90 فیصد کام مکمل کرنے کیلیے تحریری طور پر پابند کیا جائے۔