ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی دارالحکومت ریاض کے شاہ فیصل اسپتال میں 35 سالہ مریض کے دل میں مصنوعی ہارٹ پمپ کی پیوند کاری مکمل طور پر روبوٹ کے ذریعے کی گئی۔ اس سے قبل دل کے ناکارہ ہونے کے سبب مریض 120 روز سے اسپتال میں داخل تھا۔ اس دوران اس کے گردوں اور پھیپھڑوں نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ یہ آپریشن شاہ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال کے ہارٹ سرجری کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر فراس خلیل کی قیادت میں روبوٹک سرجری کی ماہر ٹیم نے انجام دیا۔ آپریشن کے بعد مریض کو صرف 4 روز تک انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا۔اس سے قبل روایتی طریقے سے کیے جانے والے اس نوعیت کے آپریشن کے بعد مریض کو اوسطا 26 روز تک آئی سی یو میں رکھا جاتا تھا۔ دنیا بھر میں روبوٹ کے ذریعے کیا جانے والا دل کا یہ پہلا آپریشن تھا۔