کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ گلشن اقبال نے ملازمین کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے ،ملازمین اپنے شعبوں میں نکھار لانے کیلئے محنت کریں ملازمین کی حوصلہ افزائی کیلیے جو اقدامات کیے ہیں وہ یقینا گلشن اقبال کو بہتری کی جانب لے جانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،بلدیاتی سطح پر گلشن ٹاؤن پہلا سرکاری ادارہ ہے جس نے ماہانہ بنیاد پر اپنے ملازمین کو ایوارڈ دینے کے سلسلے کا آغاز کیا ، ملازمین نے بھی اس اقدام کا ہمیں مثبت جواب دیا ہے اور الحمداللہ گلشن اقبال ٹاؤن ترقی کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماہ دسمبر کے بہترین ملازمین میں نقد اور شیلڈ ایوارڈ تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ گلشن اقبال ٹاؤن میں محکمہ تعلیم کی ٹیچر نوشاوہ زبیری، محکمہ بی اینڈ آر کے نائب قاصد محمد سرفراز، محکمہ پارکس کے کلرک محمدبھٹل کو بہترین کارکردگی دکھانے پرسراہنے کے ساتھ کیش اور شیلڈ ایوارڈ دیے گئے، ڈاکٹر فواد احمد نے اس موقع پر مزیدکہا کہ جو اچھا کام کرتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی ضروری ہے، یہ ملازمین ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، میں محکمہ تعلیم سے وابستہ اساتذہ کا خصوصی شکر گزار ہوں جن کی شب و روز محنت کے سبب اسکول کے بچوں کی انرولمنٹ میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کیلیے تمام اساتذہ و اسٹاف دادو تحسین کے مستحق ہیں ۔