اقوام متحدہ(اے پی پی) پاکستان نے یوکرین میں جاری جنگ جلد از جلد ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس جنگ میں شہریوں کا جانی و دیگر نقصان بہت زیادہ ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے سلامتی کونسل میں یوکرین جنگ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس اس حوالے سے اہم موقع پر ہو رہا ہے کہ یوکرین کی جنگ کو تین سال پورے ہونے والے ہیں اور عالمی ادارے کی انڈر سیکرٹری جنرل برائے سیاسی امور روزمیری ڈی کارلو کی سلامتی کونسل کو بریفنگ کے مطابق اس میں مسلسل شدت ا ٓرہی ہے جو تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں شہریوں کا بڑے پیمانے پر جانی و دیگر نقصان ہورہا ہے، اس کے علاوہ بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان ہوا ۔ پاکستانی مندوب نے خبردار کیا کہ جنگ کی شدت میں اضافہ موجودہ بحران کو مزید بڑھا دے گا، ہمیں جنگ کے جلد خاتمے اور ایک ایسے حل کی ضرورت ہے جو پائیدار اور دیرپا امن قائم کر سکے۔