لندن: برطانوی نشریاتی ادارے نے غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے بعد وہاں کی جانی اور مالی تباہ کاریوں سے متعلق ایک رپورٹ شائع کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ اس 15 ماہ سے جاری جنگ کے اندر اسرائیل کی انتقامی کارروائیوں میں46 ہزار 600 سے زائد فلسطینی ہلاک جبکہ لاکھوں افراد اپنے گھروں سے بے گھر ہوگئے ہیں۔ اس جنگ کی وجہ سے غزہ کی ساحلی فلسطینی علاقے پر تباہ کن اثرات بھی مرتب ہوئے ہیںجبکہ دوسری جانب حماس کے حملوں میں تقریباً 1200 افراد ہلاک اور 251 کو یرغمال بنا لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکام نے اپنے اس عزم کا بھی اظہار کیا ہے کہ وہ حماس کی فوجی اور حکومتی صلاحیتوں کو ملیا میٹ کرنے کے لیے درپے رہے گا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق غزہ کے حوصلہ مندعوام کو اس بات کی بھرپور امید ہو چلی ہے کہ اس تازہ ترین جنگ بندی کے باعث غزہ کا یہ خطہ بالآخر امن کا گہوارہ بنے گا، دوسری طرف اقوام متحدہ نے بھی اس بات کے لیے خبردار کیا ہے کہ اس جنگ میں ہونے والی تباہ کاری کے بعد غزہ کی بحالی میں کئی دہائیاں لگ سکتی ہیں۔