اسلام آباد:متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لیے2 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس کو مزید ایک سال کے لیے رول اوور کر دیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام کے مطابق یو اے ای نے ایک ارب ڈالر کے 2 ڈیپازٹس، جو جنوری 2025 میں واجب الادا تھے، کو رول اوور کرنے کی تصدیق کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ کابینہ اجلاس میں قوم کو اس فیصلے کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ان کی ملاقات کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رحیم یار خان میں ہونے والی ملاقات کے دوران النہیان نے نہ صرف قرض کی مدت میں توسیع کی یقین دہانی کرائی بلکہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کا عندیہ بھی دیا۔
یہ فیصلہ معاشی استحکام کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے جو پاکستان کی مالی مشکلات میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔