اسلام آباد:قومی فضائی کمپنی پی آئی اے نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے متنازع اشتہار پر معافی مانگتے ہوئے وضاحت جاری کی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ اشتہار کا مقصد بالکل مختلف تھا، لیکن بدقسمتی سے اسے ایسا رنگ دیا گیا جس سے منفی جذبات نے جنم لیا۔ انہوں نے اس پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اشتہار کے منفی پہلو کی وجہ سے معذرت خواہ ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اشتہاری پوسٹ پر تقریباً 6 سے 7 ہزار منفی ردعمل سامنے آئے جو کہ مجموعی رائے کا 10 فیصد سے بھی کم تھے۔ تاہم اکثریت نے پیرس کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی پر مثبت ردعمل ظاہر کیا، جو اشتہار کا اصل مقصد تھا۔
واضح رہے کہ اشتہار پر طنز اور تنقید کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ وزیراعظم نے اس اشتہار کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، جسے غیر سنجیدگی کی مثال قرار دیا گیا۔