غزہ جنگ بندی: جماعت اسلامی نے حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر یومِ عزمِ تشکر منایا

154

کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر حماس اسرائیلی جنگ بندی اور 15ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے باوجود اہل غزہ و فلسطین کی مزاحمت اور حماس کے مجاہدین کی تاریخی کامیابی پرآج ملک گیر سطح پر ”یوم عزم تشکر“ بھرپور طریقے سے منایا گیا۔

یوم عزم تشکرکے موقع پر شکرانے کے نوافل ادا کیے گئے اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیا گیا،ائمہ مساجد نے خطبات جمعہ میں امریکہ و اسرائیل کی مذمت، اہل غزہ و فلسطین کی حمایت کے حوالے سے گفتگو کی۔ اس موقع پر اسماعیل ہنیہ، یحیٰ سنوار سمیت تمام شہداء خواتین، بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ریلیوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور غزہ میں پندرہ ماہ سے جاری اسرائیلی سفاکیت اور بمباری کے خاتمے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے نعرے لگائے۔

اس موقع پرمقررین نے خطاب کرتے ہوئے قطر میں ہونے والے معاہدے کو حماس کی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ مجاہدین غزہ نے مزاحمت کی تاریخ رقم کر دی ہے اور اللہ تعالیٰ نے انھیں اس کے ثمر سے نوازا ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب مسجد اقصیٰ صہیونی قبضہ سے آزاد ہو گی۔

ان کا کہنا تھاغزہ میں ڈیڑھ سال سے اسرائیل کی جانب سے نسل کشی جاری تھی۔ لیکن غزہ کے لوگوں نے اس کے باوجود ہتھیاڑ ڈالنا یا شکست تسلیم کرنا گوارا نہیں کیا۔ جنگ بندی معاہدے کے باوجود بھی اسرائیل نے خلاف ورزی کرتے ہوئے بمباری کرکے کئی افراد کو شہید کردیا ہے۔ غزہ میں چالیس ہزار سے زیادہ لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کے خون کے طفیل غزہ اور فلسطین آزاد ہوں گے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ غزہ میں جاری نسل کشی پر کسی مسلم حکمران کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔ حکمران بے حس اور امریکہ کے غلام ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب غزہ سمیت پورے فلسطین پر مسلمانوں کی حکومت ہوگی اور اسرائیل کا نام و نشان مٹ جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق نائب امیر لیاقت بلوچ نے لاہور میں یوم تشکر ریلی کی قیادت کی، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ اس موقع پر موجود تھے، اسلام آبادمیں نائب امیر میاں محمد اسلم اور امیر ضلع نصراللہ رندھاوا نے ریلی کی قیادت کی۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے میرپور سندھ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام تقریب کے موقع پر خطاب کیا۔ لاڑکانہ میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ممتاز حسین سہتو ، ملتان میں قائم مقام امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی صہیب عمار صدیقی، چارسدہ میں امیر خیبرپختونخوا وسطی عبدالواسع، نائب امیر صوبہ ریاض خان، امیر جماعت اسلامی چارسدہ شاہ حسین، دیرپائن میں امیر جماعت اسلامی کے پی شمالی عنایت اللہ خان، بنوں میں امیر کے پی جنوبی پروفیسر محمد ابراہیم، امیر ضلع بنوں مفتی عارف اللہ، پشاور میں جنرل سیکرٹری کے پی وسطی صابر حسین اعوان، قائم مقام امیر ضلع ہدایت اللہ نے یوم تشکر کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی کی قیادت کی۔

مہمند میں امیر ضلع ملک سعید خان، حافظ آباد میں امیر ضلع ملک شوکت علی بھلروان، جڑانوالہ میں نائب امیرصوبہ رانا عبدالوحید، امیر ضلع ڈاکٹر سعید احمد، وزیرآباد میں امیر ضلع ناصر محمود، گوجرہ میں امیر ضلع ڈاکٹر عطا اللہ حمید، فیصل آباد میں امیر ضلع محبوب الزماں بٹ، زاہد عمران کروٹانہ نے یوم تشکر ریلیوں سے خطاب کیا۔

تھرپارکر مٹھی میں امیر ضلع یاسین مغل، جیکب آباد میں قیم ضلع اکبر علی مہر اور محمد ابوبکر سومرو، گھوٹکی میں امیر ضلع تشکیل احمد صدیقی، مردان میں امیر ضلع غلام رسول، نوشہرہ میں امیر ضلع حاجی عنایت الرحمن، ڈیرہ اسماعیل خان میں امیر ضلع ڈاکٹر منظر مسعود خٹک، ہری پور میں امیر ضلع طاہر عتیق صدیقی،جنوبی وزیرستان میں امیر اسد اللہ بھیر، دادو میں امیر ضلع عبدالرحمن، کندھکوٹ میں امیر ضلع کشمور غلام مصطفی میرانی نے یوم تشکر ریلیوں اور مارچز کی قیادت اور شرکا سے خطاب کیا۔ شیخوپورہ، لودھراں، دیر اپر، صوابی، سوات، باڑا خیبر، چارسدہ اور دیگر مقامات پر بھی امیر جماعت اسلامی کی ہدایت کے مطابق یوم تشکر ریلیوں اور مارچز کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

شہر قائد میں امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ”یوم عزم و تشکر“کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ،غزہ و فلسطین میں حماس کے مجاہدین نے پوری دنیا کے باضمیر انسانوں کوتاریخی جدوجہد اور قربانیوں سے اپنی جانب متوجہ کیا،معاہدے پر عملدرآمد کے نتیجے میں چند سو اسرائیلی فوجیوں کے بدلے ہزاروں فلسطینی مسلمانوں کی رہائی ممکن ہوگی لیکن امریکہ و اسرائیل کی کوشش ہوگی کہ وہ پاکستان، سعودی عرب اور انڈونیشیا سے مطالبہ کرے کہ اسرائیل کو تسلیم کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم حکمرانوں اور امریکہ کی طرف دیکھنے والوں کو متنبہ کرتے ہیں اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچا بھی گیا تو زبردست عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا،اسرائیل کی ناجائز ریاست کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ بانی پاکستان قائداعظم نے بھی واضح اور دوٹوک انداز میں کہا تھا کہ اسرائیل مغرب کا ناجائز بچہ ہے اسے کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ غزہ کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ ہزاروں بچے بوڑھے اور خواتین سردی کا شکار ہیں، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی اورکھلی دہشت گردی کر رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اسرائیل کی پشت پناہی اور بلین ڈالرز کی امداد فراہم کر رہا ہے، غزہ کے 20 لاکھ لوگ کیمپوں میں پڑے ہیں۔ 46 ہزار شہید ہو چکے، جن میں 70 فیصد عورتیں اور بچے شہید ہوئے ہیں، اسرائیل لاکھوں ٹن بارود برسا کر بھی فلسطینیوں کی ایمان کی قوت،جذبہ جہاد اور شوق شہادت کو شکست نہیں دے سکا۔چند ممالک کو چھوڑ کر کوئی فلسطین کی صورتحال پر نہیں بول رہا، نیتن یاہو نے کُھل کر گریٹر اسرائیل کی بات کرنا شروع کردی، تمام مسلم ممالک نے اسرائیل کو فلسطینیوں کی نسل کشی کی چھوٹ دے رکھی ہے۔