احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 14 سال قید اور بشریٰ بی بی کو 7 سال سزا سنا دی۔
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں سنایا۔
احتساب عدالت نے عمران خان پر 10 لاکھ روپے اور بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے، جب کہ القادر یونیورسٹی کو سرکاری تحویل میں لینے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔
جرمانے کی عدم ادائیگی پر عمران خان کو مزید 6 اور بشریٰ بی بی کو 3 ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔
فیصلہ سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا اور اب انہیں بھی اڈیالہ جیل میں ہی رکھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کا سیل پہلے سے ہی اڈیالہ جیل میں تیار کرلیا گیا تھا۔
اس موقع پر اڈیالہ جیل کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔