کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام ماسٹر آئل لبریکینٹ کے تعاون سے جاری ماسٹر آئل انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ میں داؤد اسپورٹس نے ناظم آباد ینگسٹر کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ینگ فائٹر گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں ناظم آباد ینگسٹر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے۔ کاشان فہیم نے 13 چوکوں کی مدد سے 65 ، عاصم اللہ نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 42، کامران شفیق نے 7 چوکوں ایک چھکے کی مدد سے 42 اور سعید خان نے 32 رنز بنائے۔ جواد احمد نے 38 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جواب میں داؤد اسپورٹس نے 23.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ 234 رنز بنا لیے۔ سہیل خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 10 چوکوں 6 چھکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 94 ، نوید خان نے 11 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 77 اور ذاکر ملک نے 31 رنز بنائے۔