سرگودھا: تیز رفتار ڈمپر کی اسکول وین کو ٹکر سے ٹیچر سمیت 5 طلبا جاں بحق ہوگئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ سرگودھا میں 133 جنوبی کے علاقے میں پیش آیا جہاں تیز رفتار ڈمپر نے اسکول وین کو ٹکر دے ماری، حادثے میں ایک اسکول ٹیچر اور 4 طلبا موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 9 طلبا زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، حادثہ کے بعد زخمی بچے تباہ ہونے والی وین میں پھنس گئے جنہیں ریسکیو عملہ نے وین کی باڈی کاٹ کر باہر نکالا۔ حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے سرگودھا میں اسکول وین اور ڈمپر کی ٹکر میں سکول ٹیچر اور 4 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقع پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت جبکہ زخمی افراد کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔