چین کی عمر رسیدہ خاتون چیو چئشی نے اس سال اپنی 124ویں سالگرہ منائی ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق چیو چئشی یکم جنوری 1901 کو چنگ سلطنت کے دور میں جنوب مغربی چین کے صوبے سیچوان کے شہر نانچونگ میں پیدا ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق چیو چئشی کی سب سے بڑی پوتی کی عمر 60 برس ہے، جبکہ ان کے خاندان کا سب سے کم عمر فرد 8 ماہ کا ہے۔
چیو چئشی نے حال ہی میں چینی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں اپنی طویل عمر کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ سادہ زندگی گزاری۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ تین بار کھانا کھاتی ہیں، کھانے کے بعد تھوڑی دیر چہل قدمی کرتی ہیں اور رات 8 بجے سو جاتی ہیں۔ وہ یہ بھی بتاتی ہیں کہ وہ اپنے بال خود سجاتی ہیں، آگ جلاتی ہیں اور سیڑھیاں بھی آسانی سے چڑھ لیتی ہیں۔
چیو چئشی نے کہا کہ چنگ سلطنت کے دور میں جب لوگ پہاڑوں میں سبزیاں تلاش کرتے ہوئے بھوک سے مر جاتے تھے، تب بھی میں نے مشکل حالات کا سامنا کیا اور اپنی زندگی گزار لی۔
چیو چئشی نے اپنے شوہر کی موت کے بعد کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ 40 سال کی تھیں تو ان کے شوہر کا انتقال ہو گیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے اکیلے ہی اپنے چار بچوں کی پرورش کی۔ مالی مشکلات کے باوجود، انہوں نے اپنے بچوں کو کھانا اور نئے کپڑے فراہم کرنے کے لیے سخت محنت کی۔
چیو چئشی نے مزید بتایا کہ جب وہ 70 سال کی ہوئیں تو ان کے بڑے بیٹے کا انتقال ہو گیا اور ان کی بہو نے پوتی کو ان کے پاس چھوڑ کر دوبارہ شادی کر لی۔ چیو چئشی نے اپنی پوتی کو اکیلے ہی پالا اور اس کی شادی بھی کرائی۔ کچھ سال بعد ان کی پوتی کے شوہر کا انتقال ہوگیا، اور اب وہ اپنی پوتی کے ساتھ رہتی ہیں۔