حکومت سعودیہ سمیت کسی ملک سے ادھار تیل نہیں لے رہی‘مصدق ملک

34

اسلام آباد(آن لائن)قومی اسمبلی کو وقفہ سوالات میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ حکومت سعودی عرب سمیت کسی بھی ملک سے ادھار تیل نہیں لے رہی،خلیج تعاون کونسل کے کسی ملک نے پاکستانیوں کو ویزا کے اجراء پرپابندی کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی۔ بدھ کو یہاں وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کی طرف سے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ طاہرہ اورنگزیب نے سوال کیاتھا
کہ بتایا جائے کہ موجودہ حکومت سعودی عرب سمیت کون کونسے ممالک سے تیل ادھار لے رہی؟جس پر تحریری جواب میں مصدق ملک نے کہاکہ پاکستان کسی بھی ملک سے تیل ادھار نہیں لے رہا،موجودہ حکومت سعودی عرب سمیت کسی بھی ملک سے ادھار تیل نہیں لے رہی۔وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی طرف سے قومی اسمبلی کوبتایاگیاکہ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی)کے کسی ملک نے پاکستانیوں کو ویزا جاری کرنے پر پابندی عاید کرنے کے حوالے سے ہدایت جاری نہیں کیں، کسی جی سی سی ملک کی جانب سے ایسی کوئی ہدایت سے مطلع نہیں کیا گیا۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے بتایا کہ کچھ ممالک نے پاکستانی شہریوں کے گداگر، جعلسازی، منشیات کی اسمگلنگ اور سیاسی سرگرمیوں سے متعلق خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا ہے،وزارت اوورسیز اور وزارت داخلہ ان خدشات کو دور کرنے کے لیے ملکر کام کر رہے ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ وزارت سمندر پار پاکستان نے ان خدشات سے نبرد آزما ہونے کے لیے بین الوزرا اجلاس بلانے میں پہل کی ہے۔