حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہاری کمیٹی کی جانب سے ہاری تحریک کے رہنما کامریڈ رمضان خاصخیلی کی تیسری برسی کے موقع پر پریس کلب میں پانی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ہاری تحریک کے رہنما کامریڈ رمضان خاصخیلی کی جانب سے ہاری حقوق کے لیے کی جانے والی جدوجہد پرانہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ سندھ ہاری کمیٹی کے مرکزی صدر کامریڈ ثمر حیدر جتوئی نے پانی کانفرنس سے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ سندھ کا شعور اپنے حقوق پر کبھی ڈاکا نہیں ڈالنے دے گا، سندھ کے 7 کروڑ عوام 6 کینال کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ جئے سندھ قومی پارٹی کے سربراہ نواز خان زئنور نے کہا کہ کامریڈ رمضان خاصخیلی نے ہمیشہ کسانوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی اور ایسے کرداروں کو نا صرف یاد رکھنا چاہیے بلکہ ان کے مشن کو آگے بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کامریڈ رمضان خاصخیلی درویش صفت انسان تھے، وہ اپنی تمام عمر کسانوں اور مزدوروں کے ساتھ بیٹھے رہے۔ عوامی ورکرز پارٹی کے مرکزی رہنما کامریڈ بخشل تھلو نے کہا کہ سندہاری کمیٹی کو سرخ سلام پیش کرتا ہوں جس نے اپنے ساتھی ہاری رہنما کامریڈ رمضان خاصخیلی کی تیسری برسی کو پانی کانفرنس کی روایت میں تبدیل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم سے سندھو دریا چھین لیا گیا تو پھر ہمارے پاس کچھ نہیں بچے گا۔