سانگھڑ ،الخدمت کی گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کے طلبہ میں مفت شوز تقسیم

91

سانگھڑ(نمائندہ جسارت)گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کھڈرو کے طلبہ میں فری شوز تقسیم کرنے کی تقریب ،طلبہ کی مدد کرنے پر ہم الخدمت فاؤنڈیشن کے شکر گزار ہیں ، اسکول اور طلبہ کی بھلائی کے کاموں میں مدد کیلیے سول سوسائٹی کو آگے آنا چاہیے، ہیڈ مسٹریس نگہت ناز پٹھان ، قوم کو تعلیم دوست مخیر حضرات پر فخر ہے، رفیق منصوری۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کھڈرو میں مستحق طلبہ میں شوز تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی ،جس میں 60 سے زائد طلبہ کو سردی سے بچاؤ کے لیے نئے شوز فراہم کیے۔اس موقع پر طلبہ کے چہروں پر بکھری مسکراہٹ دل خوش کرنے کے لیے کافی تھی ، اس سرگرمی کے موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے ورکر ملک فردوس اختر ، مشتاق احمد ملک ، ارسلان ملک اساتذہ میں سے سر عبدالرحمن ٹالپور ، ذوالفقار علی ملک ، محمد ابراہیم چانہیوں ، رفیق منصوری بھی موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسکول ہیڈ مسٹریس میڈم نگہت ناز پٹھان نے مستحق طلبہ میں شوز تقسیم کرنے پر الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ طلبہ کی مدد کرنے پر ہم الخدمت فاؤنڈیشن کے شکر گزار ہیں ، اسکول اور طلبہ کی بھلائی کے کاموں میں مدد کیلیے سول سوسائٹی کو آگے آنا چاہیے سماج کے باشعور طبقہ کو تعلیمی اداروں اور طلبہ کی سرپرستی کرنی چاہیے ان طلبہ میں ہی مستقبل کے ڈاکٹر عبداالقدیر خان ، ٹیپو سلطان ، محمود غزنوی ،نعمت اللہ خان اور راشد منہاس شہید جیسے ہیرے موتی موجود ہیں ، مستقبل قریب میں پاکستان کی باگ ڈور ان کے ہاتھوں میں ہوگی ، ان کی سرپرستی ان کی رہنمائی اور ان کی ضروریات کو پورا کرنا حکومت کے ساتھ ساتھ ہم سب کی ذمے داری ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گسٹا تعلقہ سنجھورو کے جنرل سیکرٹری رفیق منصوری نے کہا مشکل وقت میں طلبہ کی ضروریات کو پورا کرنے والے مخیر حضرات کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی ، وسائل کی کمی کے باعث تعلیمی مسائل اور مشکلات ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سماج کے باوسائل اور مخیر حضرات کو میدان میں آنا چاہیے ، سول سوسائٹی کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی سے تعلیمی اداروں کے مسائل حل ہونے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کے ذمے داران کا حوصلہ بڑھتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کا باشعور طبقہ آگے آئے اور اداروں کی سرپرستی کرے۔