کراچی(بزنس رپورٹر)ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) نے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے تعاون سے رائز فار امپیکٹ (کاٹن انڈٹیکس پروجیکٹ) کے تحت کپاس کی سپلائی چین میں کام کے بنیادی اصولوں اور حقوق کو فروغ دینے کے لیے ضلع سکھر اور خیرپور میں آگاہی سیشنز منعقد کیے جسکا مقصد کپاس کاشت کرنے والی کمیونٹیز اور زمینداروں میں کام کے بنیادی اصولوں اور حقوق (ایف پی آر ڈبلیو) کی تعمیل یقینی بنانا تھا تاکہ کپاس کی سپلائی چین میں مناسب ورکنگ کنڈیشنز کو فروغ دیا جا سکے۔ سیشنز سے خطاب کرتے ہوئے ای ایف پی کے سیکرٹری جنرل سید نذر علی نے اس بات پر زور دیا کہ ایف پی آر ڈبلیو کا احترام ہر فرد کے لیے مناسب کام کو یقینی بنانے میں انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔مناسب ورکنگ کنڈیشنز تخلیق کرنا کپاس کے شعبے کی مسلسل ترقی اور پاکستان کی جی ایس پی پلس کی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔کنسلٹنٹ گلفام نبی نے کام کے بنیادی اصولوں اور حقوق پر تفصیلی پریزنٹیشن دی جس میں ایف پی آر ڈبلیو کے پانچ اہم شعبوں کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ فریڈم آف ایسوسی ایشن، اجتماعی سودے بازی کے حق کی مؤثر شناخت جس سے یہ یقینی بنایا جاتا ہے کہ مزدوروں اور آجروں کو بغیر کسی خوف یا مداخلت کے تنظیمیں، ٹریڈ یونینز، اور ایمپلائرز ایسوسی ایشنز تشکیل دینے اور ان میں شامل ہونے کا حق حاصل ہے؛ جبری محنت کی تمام صورتوں کا خاتمہ جس کا مقصد کسی بھی قسم کی جبری مشقت یا خدمت کو ختم کرنا ہے جیسے قرض کے بدلے کام، انسانی اسمگلنگ اور غلامی، چائلڈ لیبر کے خاتمے کا مؤثر اصول جس کا مقصد بچوں کو ایسی مشقت سے بچانا ہے ۔