ا ل م۔ اِس کتاب کی تنزیل بلا شبہ رب العالمین کی طرف سے ہے۔ کیا یہ لوگ کہتے ہیں کہ اس شخص نے اِسے خود گھڑ لیا ہے؟ نہیں، بلکہ یہ حق ہے تیرے رب کی طرف سے تاکہ تو متنبہ کرے ایک ایسی قوم کو جس کے پاس تجھ سے پہلے کوئی متنبہ کرنے والا نہیں آیا، شاید کہ وہ ہدایت پا جائیں۔ وہ اللہ ہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو اور اْن ساری چیزوں کو جو ان کے درمیان ہیں چھ دنوں میں پیدا کیا اور اس کے بعد عرش پر جلوہ فرما ہوا، اْس کے سوا نہ تمہارا کوئی حامی و مدد گار ہے اور نہ کوئی اْس کے آگے سفارش کرنے والا، پھر کیا تم ہوش میں نہ آؤ گے؟۔ (سورۃ السجدۃ:1تا4)
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تم میں سے کوئی شخص کسی مصیبت کی وجہ سے موت کی تمنا ہرگز نہ کرے اگر اسے ضرور کچھ کہنا ہی ہے تو یوں کہے اے اللہ! جب تک میری زندگی میرے لیے بہتر ہے مجھے زندہ رکھ اور جب موت میرے لیے بہتر ہو تو مجھے موت دے دے۔ (بخاری، مسلم، نسائی، ابو داؤد)
سیدہ عائشہ صدیقہ ؓ فرماتی ہیں کہ میں نے رسول اللہؐ سے عرض کیا: عورت پر سب سے زیادہ حق کس کا ہے؟ آپؐ نے ارشاد فرمایا: اس کے شوہر کا۔ میں نے دریافت کیا کہ مرد پر سب سے زیادہ حق کس کا ہے؟ فرمایا: اس کی ماں کا ہے۔ (مستدرک حاکم)