کراچی( اسٹاف رپورٹر ) آئی جی پی آفس سندھ کو متعدد شکایات موصول ہوئیں ہیں کہ سندھ پولیس کو نادرا کی جانب سے دی جانے والی حساس معلومات کا غلط استعمال ہورہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی کورنگی نے اس حوالے سے ڈسٹرکٹ کورنگی کے تمام ایس ایچ اوز کو مراسلہ جاری کردیا ہے، جس میں کہا ہے کہ نادرا ویریسز سی ڈی آر اور فیملی ٹری ڈیٹا کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آئی جی پی آفس سندھ کو متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں، سندھ کے مختلف اضلاع یونٹس میں نادرا سی آر اوسی آر ایم ایس ٹرمینلزتک رسائی حاصل کی جاتی ہے۔ مراسلے میں کہنا تھا کہ متعلقہ آپریٹرز اور پولیس اہلکارحساس ڈیٹا کی رازداری کو برقرار نہیں رکھ رہے، ڈیٹا صرف تفتیشی مقاصد کے لیے ہوتا ہے۔