عمران خان کو 190ملین پاؤنڈ کیس میں سزا ہوگی یا نہیں؟ فیصلہ کل سنایا جائیگا

114
Will Imran Khan be punished in the 190 million pound case

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا ہوگی یا ریلیف ملے گا، کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا، اس حوالے سے عدالتی عملے نے وکلا کو آگاہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ کل صبح ساڑھے 11 بجے سنایا جائے گا۔ عدالتی عملے کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کل جمعے کے روز 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنائیں گے جو پہلے سے محفوظ ہے۔

خیال رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ 3 مرتبہ مؤخر کیا جاچکا ہے، احتساب عدالت نے 18 دسمبر 2024 کو فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

احتساب عدالت نے فیصلہ سنانے کے لیے پہلے 23 دسمبر کی تاریخ دی جو بعد میں 6 جنوری تک مؤخر ہوگئی تھی، اس کے بعد 6 جنوری کو عدالت کی جانب سے 13 جنوری کی ایک اور نئی تاریخ دی گئی تھی، 13 جنوری کو فیصلہ ایک بار پھر مؤخر کرکے 17 جنوری کی نئی تاریخ دی گئی۔