اسلام آباد:وزارت توانائی نے قومی اسمبلی میں اعتراف کیا ہے کہ کے الیکٹرک صارفین سے بجلی کے بلوں کے ذریعے 8 مختلف اقسام کے ٹیکسز وصول کیے جا رہے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے بجلی صارفین سے 4 مختلف قسم کے جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) سمیت دیگر متفرق ٹیکسز وصول کیے جا رہے ہیں۔
قومی اسمبلی میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق کے الیکٹرک صارفین سے جس جس مد میں ٹیکسز وصول کیے جا رہے ہیں ان میں نارمل جی ایس ٹی کے نام پر گزشتہ ایک سال میں 102 ارب 43 کروڑ روپے وصول کیے گئے ہیں۔
اسی طرح مزید جی ایس ٹی کے نام پر 3 ارب 14 کروڑ روپے، اضافی جی ایس ٹی کے نام پر 11 ارب 87 کروڑ روپے اور خوردہ فروش جی ایس ٹی کی مد میں ایک ارب 83 کروڑ روپے وصول کیے گئے ہیں۔
درج بالا ٹیکسز کے علاوہ انکم ٹیکس کے نام پر صارفین نے 30 ارب 26 کروڑ روپے ادا کیے ہیں جب کہ ود ہولڈنگ نیٹ میٹرنگ کی مد میں صارفین سے 61 کروڑ روپے جمع کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ٹی وی لائسنس فیس کے نام پر ایک ارب 15 کروڑ روپے وصول ہوئے ہیں۔