کیلیفورنیا کی آگ مزید پھیلنے کا خطرہ، سیاسی لڑائی بھی چھڑگئی

139
As the California wildfires threaten to spread further

کیلیفورنیا: امریکی ریاست کلیلی فورنیا میں لگنے والی آگ کو مکمل طور پر بجھانے کی ساری کوششوں پر پانی پھرتا دکھائی دے رہا ہے۔

امریکی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفانی ہوائیں شروع ہونے والی ہیں جن کے باعث آگ تیزی سے پھیل سکتی ہے۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ طوفانی ہواؤں سے آگ پھیلنے کی صورت میں 60 لاکھ سے زائد افراد کی زندگی داؤ پر لگ جائے گی۔

محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان کے نتیجے میں چلنے والی تیز ہواؤں سے خبردار کیا ہے۔ شمالی لاس اینجلس کے مکینوں کو مقامی انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ اپنی ضروری اشیا اور دیگر سامان کے ساتھ ساتھ جلد از جلد اپنے گھروں سے نکل جائیں۔

سمندری طوفان سینٹا اینا کے نتیجے میں چلنے والی ہواؤں کی رفتار 75 میل فی گھنٹہ تک بھی ہوسکتی ہے۔ چند علاقے سمندری طوفان سے چلنے والی ہواؤں کی زد پر ہیں اور محکمہ موسمیات نے اپنی پیش گوئی میں بھی سمندری طوفان کے اچانک اٹھنے اور تیز رفتار ہوائیں چلنے کے امکان پر شدید حیرت کا اظہار کیا ہے۔

لاس اینجلس کاؤنٹی کے شیرف رابرٹ لیونا نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی شخص کو دھوکے میں نہیں رکھنا چاہتے۔ ہم یہ کہہ کر دھوکا نہیں دے سکتے کہ سب کچھ ٹھیک ہے، معاملات قابو میں ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ معاملات قابو میں نہیں ہیں۔

لاس اینجلس کاؤنٹی میں لگنے والی بھیانک آگ نے سیاسی رسا کشی بھی شروع کردی ہے۔ امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے اس واقعے سے بھرپور سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔ اس آگ نے کم و بیش 40 ہزار ایکڑ رقبے پر مکانات اور دیگر عمارتوں کو تباہ کر ڈالا ہے۔ اب مزید 60 لاکھ افراد کے لیے خطرہ ظاہر کیا جارہا ہے۔