سجاول (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی سجاول کے پریس ترجمان کی جاری پریس ریلیز کے مطابق پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ رات گئے سجاول جاتی مین روڈ بھٹی اسٹاپ کے قریب جرائم کے ارادے سے کھڑے 3 ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی، پولیس کی بہتر حکمت عملی اور جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک کرمنل اسماعیل عرف پوڑھو جاکھرو کو موقع پر ہی زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ پولیس کی دستوری روایت کے مطابق دیگر 2 ملزمان اندھیرے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ واضح رہے کہ سابقہ مقابلوں کی طرح اس مقابلے میں بھی کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا، زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، زخمی ملزم کے قبضے سے ایک ریپیٹر بمعہ کارتوس برآمد کیا گئی، گرفتار ملزم کا کرمنل ریکارڈ معلوم کیا جا رہا ہے، گرفتار اور مفرور کرمنلز کے خلاف تھانہ سجاول میں 2 الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔