میرپورخاص(نمائندہ جسارت)میرپورخاص کے نواحی شہر میرواہ گورچانی کے قریب تعلقہ ڈگری کی دیھ 144 گوٹھ حاجی عبداللہ نوحانی و فتح خان نوحانی میں محکمہ تعلیم کی مجرمانہ غفلت و لاپرواہی کے باعث گورنمنٹ پرائمری اسکول کی خستہ حال و بوسیدہ عمارت ہونے کی وجہ سے علاقے کے معصوم طلباو طالبات شدید سردی میں بھینسوں کے باڑے میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم بچوں کا مستقبل تاریک ہو رہا ہے گوٹھ حاجی عبداللہ نوحانی و فتح خان نوحانی کے گورنمنٹ پرائمری اسکول کے طلباو طالبات ہارون، عائشہ، ابوزر،غلام شبیر سمیت درجنوں بچوں نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ اسکول کی عمارت مکمل طور پر بوسیدہ ہو چکی ہے اسکول میں فرنیچر اور دیگر سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے شدید سردی میں بھینسوں کے باڑے میں زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں طلبا و طالبات کا مزید کہنا تھا کہ ہم گزشتہ ایک برس سے اسکول کی عمارت کے حصول کے لیے احتجاج کر رہے ہیں مگر محکمہ تعلیم کے افسران کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی-اس وقت اسکول میں 102 بچے زیر تعلیم ہیں اور بچے کی سو فیصد حاضری ہے مگر افسوس ہم اسکول کی عمارت سے محروم ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ ،صوبائی وزیر تعلیم ،سیکرٹری تعلیم ،کمشنر میرپورخاص ،ڈپٹی کمشنر میرپورخاص اور اسسٹنٹ کمشنر ڈگری سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔