اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ڈی چوک میں پی ٹی آئی کے احتجاج سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کی 13 درخواستیں 7 فروری تک منظور کرلیں۔اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ڈی چوک میں پی ٹی آئی احتجاج کیس کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 13 مقدمات میں عبوری درخواست ضمانتیں دائر کی گئیں۔سماعت کے دوران فائلیں تیار کر کے نہ آنے پر جج نے وکیل خالد یوسف چوہدری پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ فائلیں تیار کر کے آیا کریں، میری عدالت میں آکر فائلیں سیدھی کر رہے ہیں۔اہلیہ بشریٰ بی بی نے عدالت میں جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عدالتوں پر سے اعتماد اٹھ گیا ہے،جس پرجج طاہرعباس سپرا نے کہا کہ نہیں ایسا نہیں ہے ،ہرجگہ سے ٹرسٹ نہیں اٹھا، جسٹس سسٹم جیسا بھی چل رہا ہے اگر ختم ہوگیا تو سوسائٹی ختم ہوجائے گی۔جج طاہرعباس سپرا نے کہا کہ تھوڑا وقت لگ گیا لیکن قانونی ضابطے پورے کیے جس پر بشریٰ بی بی نے کہا کہ نہیں کوئی بات نہیں ،ہمارا عدالتوں سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔جج طاہرعباس سپرا نے کہا کہ نہیں ایسا نہیں ہے ہرجگہ سے ٹرسٹ نہیں اٹھا، جسٹس سسٹم جیسا بھی چل رہا ہے اگر ختم ہوگیا تو سوسائٹی ختم ہوجائے گی۔جج طاہرعباس سپرا نے کہا کہ آپ میرے پاس کچہری میں بھی پیش ہوتی رہی ہیں۔بشریٰ بی بی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ہمارے ساتھ جو ہوا اس کے بعد قانون سے یقین ختم ہوگیا، ٹرائل کے دوران میں نے ججز کو بیمار ہوتا دیکھا ہے، ایک جج صاحب کا بلڈ پریشر 200 پر گیا لیکن انہوں نے ہمیں سزا سنانی تھی اور وہ سنائی، ملک میں قانون ہے لیکن انصاف نہیں۔جج طاہرعباس سپرا نے کہا کہ ہم سب نے مل کر ملک کے لیے ساتھ چلنا ہے۔جج نے بشریٰ بی بی کو ہدایت کی کہ آپ تمام مقدمات میں شامل تفتیش ہو جائیں۔