لاہور(اسپورٹس ڈیسک)دوسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب نیشنل ہاکی چمپئن شپ کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہوگا جو 19جنوری تک جاری رہے گا جس میں ڈویژنل سطح کی کلب لیول کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ اس حوالے سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نے تمام صوبائی ایسوسی ایشنز کو بذریعہ لیٹر ہدایات جاری کردی ہیں۔ لیٹر کے مطابق پی ایچ ایف کانگریس ممبران جو کہ آرگنائزنگ کمیٹی کا حصہ بھی ہونگے وہ باہمی مشاورت سے وینیو کا تعین کریں گے۔ بعد ازاں فاتح ٹیمیں صوبائی سطح پر ہونے والے دوسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب نیشنل ہاکی چمپئن شپ کیلیے کوالیفائی کرسکیں گی۔ صوبائی ٹیموں میں پنجاب سے 9، کے پی کے سے7، سندھ سے6، بلوچستان سے 6جبکہ گلگت بلتستان ،آزاد کشمیر اور اسلام آباد سے ایک ٹیم شامل ہوگی۔ ایونٹ سے متعلق مزید ہدایات صوبائی ایسوسیشنز کو جاری کردی گئی ہیں۔