کراچی ( کامرس رپورٹر) پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے 12 سال بعد پاکستانی تجارتی وفد کے دورہ بنگلہ دیش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے معیشت کیلئے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے بزنس کمیونٹی بنگلہ دیش کے ذریعے نئی مارکیٹوں تک اپنی مصنوعات پہنچانے کے مواقع سے بھرپور فایدہ اٹھائیں۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی جانب سے باہمی تجارت اور دوستی کے فروغ کے لئے جو اقدامات اٹھائے گئے ہیں اس کا بزنس کمیونٹی خیر مقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور بنگلہ دیشی حکومت نے ویزوں کے اجراء میں نرمی کی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ کے ساتھ برادرانہ تعلقات قائم ہوں گے۔ چیئرمین پی وی ایم اے نے کہا کہ بنگلہ دیش میں سہولیات سے استفادہ حاصل کرکے صنعتکار دوطرفہ تجارت میں فروغ کے ساتھ ساتھ نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں جو ایک بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی وزیر تجارت اور پاکستانی سفیر دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں جس سے فائدہ اٹھایا جائے۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ تجارت کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرنے کیلئے حکومت سہولیات فراہم کرے تاکہ پاکستانی صنعتکار پیداوارمیں اضافہ اور عالمی مارکیٹ میں مسابقت سے اپنی مصنوعات پہنچا سکیں۔