تحریک سوچ کراچی کا آفاق احمد کے بیان کا خیر مقدم

22

کراچی ( پ ر )تحریک سوچ کراچی نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے تحریک سوچ کراچی کی کامیابی قرار دے دیا شہر کے مکینوں کے ساتھ ہے اور شہر کا مقدمہ ہر پلیٹ فارم پر لڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار تحریک سوچ کراچی کے کنوینئر عادل کراچی والا، سینئر رہنما شاہ نواز خان ڈوڈل، سید عبداللہ شاہ، خلیل جبران، عاصم ظفر خان، عامر کراچی والا، سعید انور بونیری، ممنون ابرار، عماد ضیاء سمیت نوجوان رہنما طٰہٰ خان اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت کراچی کے حالات انتہائی ناگفتہ بہ ہیں اس شہر کے مکینوں کے پاس بنیادی سہولیات تک دستیاب نہیں، انفرااسٹرکچر تباہ و برباد کر دیا گیا۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان نوکری کے لیے در درکی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، بجلی، گیس اور پینے کا صاف پانی تک نہیں دیا جا رہا، شہر کے اسپتالوں کی حالت اس قدر خراب ہوچکی ہے کہ وہ آج موت بانٹ رہے ہیں۔ شہر کا بڑا اسپتال عباسی شہید مکمل تباہی سے دو چار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس قدر مکینوں کے پاس پینے کا پانی نہیں اس سے کئی گنا ضائع کر دیا جا رہا ہے یہ سب ایک سوچی سمجھی سازش کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔ ان حالات میں شہر کے مکینوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، تحریک سوچ کراچی ان حالات میں شہر کے مکینوں کے ساتھ ہے اور شہر کا مقدمہ ہر پلیٹ فارم پر لڑے گی۔