ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ 2024 ء کے دوران سعودی عرب سے باہر سے ایک کروڑ 85لاکھ سے زائد افراد نے عمرہ اور حج ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی رہنمائی اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی حمایت سے ملک نے ضیوف الرحمٰن کی اتنی بڑی تعداد کو خدمات فراہم کیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جدہ میں حج کانفرنس اور نمائش کے چوتھے ایڈیشن میں اپنی تقریر کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ ہم نے مسجد نبوی میں ریاض الجنہ کا دورہ کرنے کے تجربے کو فروغ دینے کے لیے کام کیا ہے۔ ہم نے اہل افراد کو الیکٹرانک بکنگ کے طریقہ کار میں سہولت فراہم کی۔ ایک پیشہ ور رجسٹریشن سسٹم جو سروس کے معیار کو یقینی بناتا ہے کو پیش کیا گیا۔ اس جدید طریقہ کار کے تحت مسجد نبوی میں ریاض الجن میں آنے والوں کی تعداد 2022 ء میں 40لاکھ سے بڑھ کر 2024 ء میں ایک کروڑ 30لاکھ سے زیادہ ہوگئی۔ اس دوران وزارت حج و عمرہ نے نسک ایپلی کیشن کے نئے ورژن کا آغاز کیا۔ یہ ایپ 100 اضافی خدمات کے ساتھ ایک مربوط تجربہ فراہم کرے گی۔