کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت کے تحت بنو قابل ضلع شرقی میں اپٹیٹیوٹ ٹیسٹ پاس کرنے والے طلبہ و طالبات کے انٹرویوز کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ انٹرویوز کے دوران مختلف کورسز کے لیے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ انٹرویو ٹیسٹ کے سینٹر کی نگرانی بنو قابل ایسٹ کے ڈائریکٹر یوسف خواجہ سر انجام دے رہے ہیں۔ سینٹر کا دورہ کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد یوتھ ایمپاورمنٹ ہے۔ اس سلسلے میں نوجوانوں کو مختلف آئی ٹی کے کورسز کروائے جارہے ہیں جو کہ بالکل فری ہیں۔ سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ و طالبات نے انٹرویوز دیے جو کہ نہ صرف حوصلہ افزا نمبرز ہیں بلکہ یہ بھی ثابت ہوتا کہ ہماری نوجوان نسل ہاتھوں میں اسلحے کے بجائے قلم، کمپیوٹر تھامنا چاہتی ہے۔ اسکلز ڈیولپمنٹ کے اس جذبے کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کے ممنون ہیں کہ انہوں نے ہمارے ضلع میں اپنا پروگرام لانچ کیا اور ہمارے نوجوانوں کو آئی ٹی سے روشناس کروا رہے ہیں۔ ان شاء اللہ مستقبل ہمارے نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہوگا اور یہی نسل ملک و قوم کا نام روشن کرے گی اور معاشی بحرانوں سے نکالے گی۔ انٹرویو سینٹر پر مختلف سرکاری، سیاسی، سماجی و فلاحی شخصیات کے علاوہ معززین علاقہ نے دورہ کیا اور الخدمت بنو قابل کے اس انقلابی پروگرام کو سراہا۔