عوامی کالونی ‘شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

63

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات وپر تشدد واقعات میں خاتون اور بچے سمیت 13افراد جاںبحق ہوگئے ‘ 13افراد زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی لانڈھی نمبر6 فاروق مسجد کے قریب شادی کی تقریب میں فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق ہوگیا،کورنگی مدینہ کالونی گلی نمبر9 مکان نمبر 735 سے 24 سالہ دانش نامی نوجوان کی پھندا لگی لاش ملی۔لیاقت آباد سپر مارکیٹ کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا، افسوسناک حادثے میں موٹر سائیکل سوار45سالہ شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ ماڑی پور گل بائی پر ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار تین افرادحادثے کا شکار ہوئے،حادثے کے نتیجے میں ماں اور ایک سال کا بچہ جاں بحق ہو گئے موٹرسائیکل پر سوار خاتون کا شوہر واقعے میں زخمی ہوا۔ ناردرن بائی پاس گلشن عثمان سوسائٹی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ساتھی زخمی ہوگیا۔زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ ضیاء موڑ کے قریب کام کے دوران کمپنی کی سیڑھیوں سے گر کر35سالہ عامر جاں بحق ہوگیا۔عیسیٰ نگری میں نوجوان نے پھندا لگا کر خودکشی کرلی ۔ شاہ لطیف سینٹر کے قریب گھر کے واش روم میں پر اسرار طور پر 14 سالہ بچہ سفیان جاںبحق ہوگیا ۔ شیر شاہ لیاری ایکسپریس وے اکبر کانٹا ندی افسر روڈ کے قریب جھاڑیوں سے30سالہ نوجوان کی جھلسی ہوئی لاش ملی ۔ صدر سے 50سالہ شخص کی‘ اورنگی ٹائون سے 45سالہ نوجوان اور گارڈن تھانے کی حدود رنچھو ڑ لائن رام سوامی نشتر روڈ وحید ہوٹل سے 50سالہ شخص کی لاشیںملیں۔