اسلام آ باد(نمائندہ جسارت)ملک میں تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا تیسرا بڑا شعبہ بن گیا، گذشتہ مالی سال 2023،24 کے دوران ٹیکس وصولی میں تقریباً 40 فیصد اضافہ ہوگیا ہے تاہم اس عرصے کے دوران تنخواہ دار طبقے سے 368 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ایف بی آر دستاویز کے مطابق 2022،23 کے مقابلے میں تنخواہ دار طبقے نے 103 ارب 74 کروڑ روپے زیادہ ٹیکس دیا۔ ایک سال میں تنخواہ دار طبقے سے ٹیکس وصولی میں 39.3 فیصد اضافہ ہوا، کنٹریکٹس، بینک سود اورسیکورٹیز ٹیکس ادائیگی میں ٹاپ نمبر پرہے۔ کنٹریکٹس سے 496 ارب ٹیکس جمع اور 106 ارب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، بینکوں کے سود اورسیکورٹیز کی مد میں 489 ارب روپے ٹیکس وصول کیے گئے۔ایف بی آر کے مطابق بینکوں، سیکورٹیز کی مد میں سالانہ بنیاد پر 52.8 فیصد اضافہ ہوا، منافع کی تقسیم پر70 فیصد اضافے کے ساتھ 145 ارب روپے ٹیکس جمع ہوا، بجلی کے بلوں پر ٹیکس وصولی میں 30 فیصد اضافہ ہوا اور اس مد میں 124 ارب روپے وصول کیے گئے۔پراپرٹی کی خریداری پر 104 ارب، فروخت پر95 ارب روپے ٹیکس جمع ہوا، ٹیلی فون بلز پر ٹیکس وصولی میں 14.3 فیصد اضافہ ہوا اور اس مد میں تقریباً 100 ارب روپے ٹیکس جمع ہوا۔ برآمدی شعبے نے 27.2 فیصد اضافے سے صرف 94 ارب ٹیکس دیا، دیگرشعبوں میں ٹیکنیکل فیس، کیش نکلوانے، کمیشن، ری ٹیلرز کی پرچیز شامل ہیں۔