اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں معیشت کو تباہ کن نقصان پہنچایا گیا۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں معیشت کو تباہ کن نقصان پہنچایا گیا، پنجگور کے مقام پر نئی پاک ایران تجارتی راہداری کے قیام سے قانونی تجارت کو فروغ ملے گا اور اسمگلنگ کی روک تھا میں مزید کامیابی حاصل ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی پروازیں یورپ کے لیے شروع ہو چکی ہیں، گزشتہ حکومت کے ایک وزیر کی تقریر کے تباہ کن نتائج ہوئے اور پھر اس کا پاکستان کے عوام نے اور دنیا میں جانے والے مسافروں نے نقصان اٹھایا ،شکر ہے جو پابندیاں لگیں وہ ختم ہوں گئیں ، امید ہے جلد لندن کے لیے پروازوں کا آغاز ہوگا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف مسلسل اور بھرپور آپریشنز جاری ہیں، اور ان کوششوں کے نتیجے میں یہ دہشت گرد گروہ جلد مکمل طور پر نابود ہو جائے گا، یہ اقدامات ملک میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں پاکستان میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے شاندار کانفرنس ہوئی، پاکستان میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے چیلنجز درپیش ہیں ،تعلیمی شعبے میں صوبوں کا اہم کردار ہے، وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کر تعلیمی میدان میں چیلنجز سے نمٹنا چاہیے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ضلع کرم میں حالات معمول پر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ امن معاہدے کے بعد اب عسکری مورچوں کو مکمل طور پر ختم کیا جا رہا ہے، اور خوراک و ادویات کی فراہمی کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے، تمام متعلقہ فریقوں کی مشترکہ کوششوں سے امن کی فضا مزید مستحکم ہوگی۔