اپنا کام نہ کرنے والے ملازمین استعفیٰ دے کر گھر بیٹھ جائیں: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان

143
Governance system

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سنجدی کان حادثے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

 وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس واقعے کی تحقیقات سی ایم آئی ٹی کے سپرد کرتے ہوئے انسپکٹر کی معطلی کا بھی فیصلہ کیا۔

 وزیرِ اعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ ناقابلِ قبول ہے کہ امن و امان کی صورتحال کا بہانہ بنا کر انسپکٹرز کانوں تک نہ پہنچ پائیں، اور جنہیں اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکامی ہو، انہیں استعفیٰ دے کر گھر واپس جانا چاہیے۔

سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ حادثات کے ذمے دار افراد کی شناخت کر کے انہیں سخت سزا دینا ضروری ہے۔ 

وزیرِ اعلیٰ نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے لواحقین کو فوری طور پر معاوضے کی ادائیگی کی ہدایت بھی کی۔

یاد رہے کہ 9 جنوری کو سنجدی کے کوئلہ کان میں گیس کے بھرنے سے دھماکہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں کان بیٹھنے سے 12 کان کن جاں بحق ہو گئے تھے۔