لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ایلون مسک مسلسل اسلام فوبیا پر مبنی مہم چلا رہے ہیں۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اظہار خیال کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ ایک گروہ ہے جس میں دوسرے ممالک کے لوگ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایلون مسک اور ان سے جڑا گروہ اپنے مذموم مقاصد کو صرف اور صرف پاکستان اور اسلام سے جوڑ رہے ہیں جو کہ ان کی نسل پرستانہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایلون مسک نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور ٹرمپ غزہ کو جہنم میں تبدیل کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، نومنتخب امریکی صدر اسرائیل کی دہشت گردی پر اس کی حمایت کر رہے ہیں، اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف مسلسل نسل کشی کر رہا ہے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ یہ منافقت اور تضاد سوشل میڈیا پر اسلام کے خلاف نفرت پھیلانے کی منظم مہم کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت کو اسلاموفوبیا پر مشتمل نفرت انگیز مہم روکنے کے لیے ایکشن لینا چاہیے۔