اٹک میں اربوں روپے مالیت کے سونے کے ذخائر دریافت ہونے کی تصدیق

157
Gold deposits worth billions of rupees

لاہور: وزیر معدنیات پنجاب نے ضلع اٹک میں اربوں روپے مالیت سونے کے ذخائر دریافت ہونے کی تصدیق کر دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر معدنیات پنجاب شیر علی گورچارنی نے صوبے میں اربوں روپے کے سونے کے ذخائر دریافت ہونے کی تصدیق کردی۔

وزیر معدنیات شیر علی گورشانی نے کہا کہ کل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو سونے کے ذخائر سے متعلق بریفنگ دی جائے گی، سونے کے ذخائر نکالنے کے لیے حکومت پنجاب بین الاقوامی سطح پر نیلامی کرانے کا فیصلہ کرے گی۔

ان کے مطابق دریائے کابل اور دریائے سندھ کے ملنے کے مقام پرحالیہ سروے میں سونے کی تصدیق ہوئی، سونے کے ذخائر کے تصدیق کرنے میں موجود حکومت پنجاب کو ایک سال لگا، جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے بعد نیسپاک کی جانب سے بھی سونے کی موجودگی چیک کرائی گئی۔ ہرطرف سے تصدیق کے بعد پنجاب حکومت کی اعلی سطح کی کمیٹی کل وزیراعلی کو ملے گی۔

واضح رہے کہ سابق نگران وزیر معدنیات ابراہیم حسن مراد نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا تھا کہ اٹک کے قریب دریائے سندھ میں 28 لاکھ تولہ سونے کے ذخائر موجود ہیں، جن کی مالیت 800 ارب روپے یا 2 ارب 87 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔

ابراہیم حسن مراد نے بطور اُس وقت کے صوبائی وزیر فروری 2024 میں بھی دعویٰ کیا تھا کہ اٹک میں دریائے سندھ سے سونے کے اربوں ڈالر موجود ہیں، جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی رپورٹ مکمل ہے، پلیسر گولڈ کے 9 بلاکس کی نشاندہی ہو چکی، جن کی جلد نیلامی کردی جائے گی۔

صوبائی وزیر مائنز نے کہا تھا کہ جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے سروے میں سونے کے ساتھ زنک، چاندی، نکل، مینگنیز اور تانبے وغیرہ کی نشاندہی بھی ہوئی ہے۔

ابراہیم حسن مراد کا کہنا تھا کہ پلیسر گولڈ کے ذخائر کی ریسرچ 75 مربع کلومیٹر تک کی گئی۔