اسلام آباد: ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ کے معاملے پر وزیراعظم کے خط کا جواب نہ ملنے پر وزارت خارجہ سے وضاحت طلب کر لی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے امریکی صدر کو لکھے گئے خط کا وائٹ ہاؤس سے جواب نہ ملنے پر وزارت خارجہ سے وضاحت طلب کر لی۔
عدالت عالیہ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کے دوران تحریری حکم نامہ جاری کیا۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہا کہ وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم نے امریکی صدر کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سزا معافی کے لیے خط لکھا تھا، لیکن اس خط کا جواب نہیں آیا۔ وزارت خارجہ نے بتایا کہ یاددہانی کا ایک اور خط بھی بھیجا گیا تھا، لیکن اس کا بھی کوئی جواب نہیں ملا۔
عدالت نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ امریکی وکیل کے مطابق خط کا جواب نہ آنا سفارتی آداب کے خلاف ہے۔ عدالت نے وزارت خارجہ سے امریکی سفیر کے ذریعے معلومات حاصل کر کے وضاحت طلب کی ہے کہ خط کا جواب کیوں نہیں دیا گیا۔