برازیلیا: برازیل کی ریاست میناس جیرائس میں قدرتی آفت سے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس میں شدید بارش اور تودے گرنے سے 10 افراد ہلاک ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ہفتے کی رات ایپاٹینگا شہر میں صرف ایک گھنٹے میں 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران تودے گرنے سے 9 افراد ہلاک ہوئے، جن میں ایک 8 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ بیٹھانیا نامی علاقے میں مزید تباہی کے نتیجے میں ایک شخص لاپتا ہے۔
امدادی ٹیموں نے خطرناک حالات کے باوجود ایک خاندان کے 4افراد کو بچانے میں کامیابی حاصل کی۔
ریاست میناس جیرائس کے گورنر رومیو زیما نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت دی ہے جب کہ ماہرین نے مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث مزید نقصانات کا خدشہ ہے۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔