ہر شہری کو کم لاگت گھروں کی فراہمی کے اقدامات کرینگے،وزیراعظم

66
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف ایف بی آر کے امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر شہری کو کم لاگت رہائش کی فراہمی کے لیے اقدامات کریں گے۔اسلام آباد میں وزیر اعظم کی زیرِ صدارت وزارت ہاؤسنگ کے جاری منصوبوں پر جائزہ اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ نے وزارت کے مختلف اداروں میں جاری اصلاحات پر پیش رفت اور پالیسی اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ قومی ہاؤسنگ پالیسی 2001ء
میں ترامیم کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشارت مکمل کرلی گئی اور وزیرِ اعظم کی ہدایات کی روشنی میں مارچ 2025 ء تک اس کی حتمی منظوری کا عمل مکمل ہو جائے گا۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سرکاری ملازمین کو گھروں کی الاٹمنٹ اور کرایوں کے حصول کے لیے نظام کو ڈیجیٹل کر لیا گیا ہے جس سے کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوگا اور نظام میں شفافیت آئے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت کچلاک کوئٹہ میں 630 کم لاگت رہائشی یونٹس جبکہ اسلام آباد میں 4112 رہائشی یونٹس پر کام تیزی سے جاری ہے۔ وزیرِ اعظم نے تمام رہائشی منصوبوں میں اچھی شہرت کی تعمیراتی کمپنیوں کی خدمات لینے کی ہدایت کر دی۔وزیرِ اعظم نے وفاقی حکومت کے ہاؤسنگ کے منصوبوں کی تعمیر کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانے کی بھی ہدایت کر دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور عوام کے لیے تعمیر کیے جانے والے منصوبوں کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ تعمیراتی کمپنیاں منتخب کی جائیں ، تعمیراتی منصوبوں کے لیے کمپنیوں کا انتخاب شفاف طریقہ کار اور میرٹ پر کیا جائے، تعمیراتی منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کیا جائے۔