کراچی(کامرس رپورٹر) صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے شرح سود میں کمی اور سنگل ڈیجٹ میں لانے کا مطالبہ کردیا۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پہلی ششماہی میں چار بار 27جنوری، 10مارچ، 5مئی اور 16جون کومانیٹری پالیسی کمیٹی اجلاس ہونگے، شرح سود کو سنگل ڈیجیٹ میں لانے کا سنہری موقع ہے،اسٹیٹ بینک پالیسی ریٹ میں 5فیصد کمی کرے۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ شرح سود میں فوری اور بڑی کمی ملکی معیشت کی بہتری اور مالی استحکام کے حوالے سے اہم ہے، مہنگائی 4.1فیصد تک گر گئی، ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 29فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ 1لاکھ 13ہزار پوائنٹس پر،سرکاری زرمبادلہ ذخائر 12.5 ارب ڈالر ہو گئے ہیں،مہنگائی میں کمی کے باوجود 13فیصد کی بلند شرح سود کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں بڑی رکاوٹ ہے،مہنگائی میں نمایاں کمی کے پیش نظر پالیسی ریٹ کی موجودہ دوہرے ہندسے کی شرح غیر منصفانہ ہے۔ صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ دسمبر میں مہنگائی کی شرح 4.1 فیصدہونے پر پالیسی ریٹ میں 500بیسس پوائنٹس کی کمی ہونی چاہئے،شرح سود میں بڑی کمی برآمدات میں مزید اضافے اور نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریگی۔عاطف اکرام نے کہا کہ ملکی معیشت ٹریک پر آ چکی،پائیدار اور دیرپا معاشی استحکام کیلئے کاروبار دوست اقدامات ناگزیر ہیں،بزنس کمیونٹی معاشی بہتری کے لیے کیے گئے تمام حکومتی فیصلوں کی مکمل حمایت کرے گی۔