یوکرینی جنگ میں 300شمالی کوریائی فوجی ہلاک

89

سیول (انٹرنیشنل ڈیسک) یوکرینی جنگ میں روس کی جانب سے لڑنے والے شمالی کوریا کے تقریباً 300 فوجیوں کی ہلاکت کا انکشاف ہوا ہے۔ جنوبی کوریا کے رکن پارلیمان کے مطابق یوکرین جنگ میں روس میں تعینات شمالی کوریا کے تقریباً 300 فوجی ہلاک اور 2700 زخمی ہوئے ہیں۔ رکنِ پارلیمان نے دعویٰ کیا کہ شمالی کوریائی فوجیوں کو زندہ پکڑے جانے پر خود کو مار ڈالنے کی ہدایات ہیں۔ دوسری جانب جنگ میں گرفتار کیے گئے شمالی کوریائی فوجیوں کے حوالے سے یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس میں قید یوکرینی فوجیوں کے بدلے گرفتار شمالی کوریائی فوجیوں کے تبادلے کے لیے تیار ہیں۔ یوکرین اور اتحادی ممالک نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے تقریباً 11 ہزار فوجی روسی افواج کی مدد کے لیے کرسک میں تعینات کیے گئے ہیں۔ اپنے بیان میں یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ ہم شمالی کوریائی فوجیوں کے بدلے قیدیوں کا تبادلہ کرسکتے ہیں۔ روس کی جانب سے شمالی کوریائی فوجیوں کی موجودگی کے حوالے سے اب تک تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔