کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات وواقعات میں خاتون سمیت 5افراد جاںبحق ہوگئے دیگر واقعات میں ماں بیٹے سمیت9افراد زخمی ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق جیکسن تھانے کی حدود کیماڑی گلشن سکندر آباد ٹاپو کے قریب گھر سے گلا کٹی خاتون کی لاش ملی ،مقتولہ کی شناخت 18سالہ خدیجہ زوجہ کاشف کے نام سے ہوئی ،مقتولہ کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ۔ گلستان جوہر رابعہ سٹی کے قریب تیز رفتار کار نے بائیک مکینک کو کچل دیا اور 02 افراد زخمی ہوگئے ۔متوفی اور زخمیوں کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ،جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ نیوکراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود نیو کراچی سیکٹر 5 ایف اتوار بازار کے قریب کچرا کنڈی کے قریب سے30سالہ شخص کی لاش ملی، سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے سے بے ہوش 19سالہ نوجوان محمد علی کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم نوجوان دوران علاج دم توڑ گیا ۔ سعید آباد کے علاقے بلدیہ ٹاون سے زہریلی چیز کھانے والا 45سالہ شہزاد دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا ،متوفی کی لاش کو قانونی کاروائی کے بعد ورثاء کے سپر د کر دی گئی ۔ دوسری جانب منگھوپیر میانوالی کالونی رئیس سینٹر کے قریب تیز رفتار کار اور ٹرالر آپس میںٹکر گئے ، کار میں سوار ماں بیٹا زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والے ماں بیٹے کی شناخت 45 سالہ رضا بی بی زوجہ ظفر اقبال ،اور 22سالہ اقبال ولد ظفر اقبال کے نامو ں سے ہوئی ۔زخمی ہونے والے ماں بیٹے کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ نیو کراچی سیکٹر 5B کے قریب گھر میں گیس لیکج سے جھلس کر میاں بیوی زخمی ہوگئے ۔زخمی ہونے والے میاں بیوی کی شناخت 38سالہ سلمان ولد سلیم اور ،33سالہ اسماء زوجہ سلمان کے ناموں سے ہوئی۔