حکومت کا ایران کے ساتھ  نئی سرحدی راہداری کھولنے کا اعلان، نوٹی فکیشن جاری

103

اسلام آباد: وفاقی ریونیو بورڈ(ایف بی آر) نے پنجگور کے علاقے کوہک چیدگی میں پاکستان اور ایران کے درمیان چوتھا باضابطہ سرحدی کراسنگ پوائنٹ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق ٹرانزٹ اور بارڈر ٹریڈ کے سیکریٹری زبیر شاہ نے نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد گوادر کے کلکٹریٹ آف کسٹمز کو ایک خط ارسال کیا ہے، جس میں پنجگور بارڈر کراسنگ پوائنٹ کے علاقے کوہک چیدگی میں ضروری اقدامات کرنے اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور محکموں کے ساتھ رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجگور بارڈر پر نئی سرحد کھلنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان قانونی تجارتی سرگرمیوں کو آسان بنانے، اشیاء کی اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی اور دونوں ممالک کی سرحد کے ساتھ مقیم لوگوں کو روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کیے جاسکیں گے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے اس نئے تجارتی روٹ کے افتتاح کے نوٹی فکیشن کے اجرا کے بعد اب دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ تجارت شروع ہو جائے گی جس سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔