کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، سیاسی خواب دیکھنے اور اپنی سیاسی پیش گوئیوں کے حوالے سے میڈیا کی زینت بننے والے منظور وسان نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی پارٹی کے مستقبل سے متعلق اہم پیش گوئی کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ عمران خان آہستہ آہستہ اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹیں گے اور اپنی سیاسی بقا کے لیے ریلیف لینے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مطالبات کسی صورت تسلیم نہیں کیے جائیں گے اور وہ ان سے خود دستبردار ہو جائیں گے۔
منظور وسان نے مزید کہا کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کی سیاسی حیثیت پہلے جیسی نہیں رہی اور وہ 2024 کے آغاز میں نظر آنے والے دباؤ کو برقرار رکھنے میں ناکام ہوں گے۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ پی ٹی آئی اندرونی اختلافات کی وجہ سے کئی گروپوں میں تقسیم ہو جائے گی۔
پی پی رہنما نے بین الاقوامی منظرنامے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حالات تبدیل ہو چکے ہیں اور اگر عمران خان کے حق میں کسی عالمی شخصیت، جیسے ڈونلڈ ٹرمپ، نے کچھ کہا تو پھر ہم بھی انہیں “Absolutely Not” کہنے میں نہیں ہچکچائیں گے۔
منظور وسان نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی جماعت کی سیاسی پوزیشن اور مقبولیت میں کمی آئے گی اور وہ اب وہی اثر و رسوخ رکھنے میں ناکام ہوں گے جو ماضی میں تھا۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ عمران خان کی سیاست پر عالمی دباؤ بھی کم ہوتا دکھائی دے رہا ہے، جو ان کے سیاسی مستقبل پر مزید اثر ڈال سکتا ہے۔