ٹوکیو:جاپان کے جنوب مشرقی علاقے میں 6.9 شدت کے زلزلے کے بعد حکام نے سونامی کا انتباہ جاری کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) نے بتایا ہے کہ زلزلہ میازاکی پریفیکچر کے ساحل کے قریب آیا۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 19 منٹ پر آیا، جس کی گہرائی زیر سمندر تھی۔
زلزلے کے بعد جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی نے ممکنہ سونامی کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ جاپان کے لیے غیرمعمولی نہیں ہے کیونکہ یہاں خاص طور پر یہ علاقہ زلزلوں کے حوالے سے حساس ہے۔ اس سے قبل نومبر 2024 میں جاپان کے وسطی شمالی علاقے میں6.4 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جو 10 کلومیٹر کی گہرائی میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس زلزلے کے نتیجے میں بھی مقامی رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت دی گئی تھی۔
حکام نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور سونامی کی ممکنہ لہروں سے بچنے کے لیے الرٹ رہنے کا کہا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں متحرک ہیں اور صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔